ہوشربا مہنگائی نے ماضی کے ریکارڈ توڑنا شروع کر دیئے

Published On 14 Nov 2013 02:04 AM 

ہوشربا مہنگائی نے ماضی کے ریکارڈ توڑنا شروع کر دیئے، 20 کلو آٹے کاتھیلا پانچ ماہ میں 740 روپے سے بڑھ کر 900 روپے تک پہنچ گیا۔ چینی 52 روپے سے 60 روپے کلو تک پہنچ گئی۔

حکومت چاہے کچھ بھی کہے مگرزمینی حقائق ہوشربا مہنگائی کی کہانی سنارہے ہیں۔ مارکیٹ سروے کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 740 روپے سے بڑھ کر 900 روپے تک جا پہنچی ہے۔ چینی کی قیمت52 روپے فی کلو سے بڑھ کر 60 روپے فی کلو تک پہنچ گی ہے۔ تقریبا ہر کھانے میں استعمال ہونے والے ٹماٹر کی قیمت دو سوروپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ جون میں ٹماٹر 40 سے 60 روپے فی کلو تھا۔ پانچ ماہ میں پیاز کی قیمت26 روپے سے بڑھ کر 80 روپے کلو ہو گئی ہے۔ آلو جون میں 24 روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہا تھا، تاہم پانچ ماہ میں اس کی فی کلو قیمت 76 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے ہو گئی ہے۔ مسور کی دھلی ہوئی دال ایک سو سات روپے فی کلو سے بڑھ کر ایک سو تیرہ روپے کی ہوچکی ہے۔ جب کہ کچھ جگہوں پر یہ ایک سو تیس روپے تک میں بھی فروخت ہورہی ہے۔ روٹی کی قیمت5 روپے سے بڑھ کرسات روپے تک ہو گئی ہے۔ بڑا گوشت 260 روپے فی کلو سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو جبکہ چھوٹا گوشت 460 روپے فی کلو سے بڑھ 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ مارکیٹ سروے کے مطابق چاول، دودھ، دہی وغیرہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔