گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کر دی: گورنر سندھ، ہڑتال ختم نہیں کی: ٹرانسپورٹرز

Published On 17 May 2017 05:19 PM 

پچاسی فیصد گڈز ٹرانسپورٹرز نے نو روز بعد ہڑتال ختم کر دی، گورنر سندھ کا دعویٰ، سو فیصد احتجاج جاری ہے، ٹرانسپورٹر اتحاد کامؤقف، دس دن میں دو سو ارب روپے کا نقصان ہو گیا، چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ کی تصدیق۔

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ محد زبیر نے کہا ہے کہ مال بردار گاڑیاں چلنا شروع ہو گئی ہیں، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ مال کی ترسیل شروع کی جا رہی ہے، مال بردار گاڑیوں کیلئے سکیورٹی دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ ٹرانسپورٹرز اب بھی تذبذب میں ہیں تاہم گڈز ٹرانسپورٹرز کے ایک بڑے گروپ نے ہڑتال ختم کر دی ہے اور مال کی ترسیل شروع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس امداد حسین نقوی نے کہا ہے کہ ہم اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے گورنر سندھ کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی اور ہم نے ہڑتال ختم نہیں کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماڑی پور میں جلد پریس کانفرنس کرینگے اور اپنے مؤقف کی وضاحت کریں گے۔ ادھر غلام محمد آفریدی جنرل سیکریٹری گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ ہم اپنے ون پوائنٹ ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹے، ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، آج ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، گورنر سندھ نے غلط خبر دی ہے، 5 سے 6 فیصد کالی بھیڑوں کے سواء سب ٹرانسپورٹرز ہمارے ساتھ ہیں، جب تک ہمارا پرانا روٹ بحال نہیں کیا جاتا ہڑتال برقرار رہے گی۔