گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال: رمضان سے قبل اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ

Published On 17 May 2017 06:23 PM 

ملک میں کبھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، کبھی دالوں کی کم پیداوار کا بہانہ تو کبھی ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج، ہر سال رمضان سے قبل اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی نہ کوئی جواز پیدا کر ہی لیا جاتا ہے۔

کراچی: (دنیا نیوز) 2015ء میں کلیئرنگ اینڈ فارورڈرز کی ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال سے خام مال کی سپلائی معطل ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ ہو۔ 2016ء میں ملک میں دالوں کی کم پیداوار اور درآمدی مال کی کلیئرنگ میں کسٹمز حکام کی جانب سے تاخیر کی وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور اب 2017ء میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی لگانے کی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث رمضان سے قبل ہی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے لگی ہیں۔ ہر سال رمضان سے قبل اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی نہ کوئی بہانہ ڈھوند لیا جاتا ہے اور پستے بچارے عوام ہی ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے مسئلے کی ذمہ داری عدالت پر ڈالتے ہوئے اپنے آپ کو بری الزمہ قرار دے دیا ہے۔ عوام کو لوٹنے کا جواز کوئی بھی ہو ذخیرہ اندوز اور منافع خور کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔