اوپن مارکیٹ میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہو گیا

Published On 04 Dec 2017 04:34 PM 

عالمی مارکیٹ میں بانڈز کے اجراء سے اوپن مارکیٹ میں روپیہ مضبوط اور ڈالر کمزور ہو گیا، غیرملکی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار۔

کراچی: (دنیا نیوز) اوپن مارکیٹ میں روپے نے ڈالر کو پچھاڑ دیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی ابتداء میں ڈالر 40 پیسے کی کمی کے بعد 107 روپے 40 پیسے کا ہو گیا۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر میں کمی پاکستانی بانڈز کی فروخت سے آنے والی رقم کی توقعات کے باعث ہوئی۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق غیرملکی سرمایہ کار اس وقت پاکستانی معیشت پر زبردست اعتبار کر رہے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے سکوک اور یورو بانڈز میں سرمایہ کاری ہے۔ بینکنگ ذرائع کے مطابق حکومت کو بانڈز میں 8 ارب ڈالر کی ریکارڈ دلچسپیاں موصول ہوئیں جبکہ حکومت نے صرف ڈھائی ارب ڈالر کے سکوک اور یورو بانڈز فروخت کئے ہیں۔