عالمی منظر نامے میں ہلچل، ڈالر کی قدر میں اچانک ساڑھے چار روپے اضافہ

Published On 08 Dec 2017 12:09 PM 

انٹربینک میں 110 روپے تک جا پہنچا، قومی معیشت پر بُرے اثرات،ایک دن میں قرضوں کا بوجھ 400 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اچانک 4 روپے 50 پیسے اضافے سے 110 روپے ہوگئی، ڈالر قدر میں اضافے سے پیٹرول، ڈیزل، بجلی، دالیں، خشک دودھ سب کچھ مہنگا ہوجائے گا۔ قومی معیشت پر بُرے اثرات مرتب ہونے لگے، ایک دن میں قرضوں کا بوجھ 400 ارب روپے تک بڑھ گیا۔

ڈالر کی قیمت میں اضافے نے مہنگائی کے دروازے پر دستک دے دی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 3 روپے فی لیٹر بڑھ سکتی ہے، دالیں 5 سے 10 روپے فی کلو مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ کھانے کا تیل 10 سے 20 روپے فی لیٹر مہنگا ہو سکتا ہے، بجلی کی قیمت 10 سے 15 پیسے بڑھ سکتی ہے جبکہ بچوں کے لئے درآمد کیا گیا خشک دودھ 40 سے 50 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے پر کڑی نظر ہے، صورتحال کو دیکھ کر کوئی اقدام اٹھائیں گے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ملک میں درآمدات زیادہ جبکہ برآمدات کم ہے، ایسی صورتحال میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے تجارتی خسارہ مزید بڑھ جائے گا۔