ڈالر مہنگا ہونے سے درآمدی اشیاء کے دام 8 فیصد تک بڑھنے کا امکان، سونا مزید مہنگا

Published On 12 Dec 2017 05:27 PM 

ڈالر مہنگا ہونے سے خشک دودھ، دالیں اور مختلف درآمدی اشیاء کے دام 8 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ، فی تولہ سونے کے نرخ بھی 200 روپے بڑھ گئے، منفی اثرات سے تاجر بھی پریشان۔

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے اتار چڑھاؤ سے کھانے پینے کی درآمدی اشیاء کے دام 5 سے 8 فیصد تک بڑھ سکتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو دالیں، دودھ، چاکلیٹ اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیاء کے حصول کے لئے زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑیں گے۔

تاجر رہنماؤں کے مطابق، آئی ایم ایف کی ایماء پر روپے کی قدر کم کی گئی جس سے نہ صرف درآمد کنندگان کو نقصان ہوا ہے بلکہ ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت ڈالر کی قدر کو کم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے ورنہ کھانے پینے سمیت تمام درآمدی اشیاء عوام کی پہنچ سے دوور ہو جائیں گی۔