اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے قیمتوں میں 3 سے 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری گزشتہ روز وزارتِ خزانہ کو ارسال کی گئی تھی۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 98 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 93 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کا تیل 70 روپے 26 پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل 64 روپے 30 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل 95 روپے 83 پیسے اور پٹرول کی نئی قیمت بڑھ کر 84 روپے 51 فی لٹر ہو گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے مٹی کا تیل 12 روپے 74 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ لائٹ ڈیزل 11 روپے 72 پیسے، پٹرول 2 روپے 98 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 25 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ نئی قیمتوں پر عمل آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔