کراچی: (ویب ڈیسک) ہونڈا اٹلس نے سی ڈی 70 موٹرسائیکل کا نیا ماڈل پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہونڈا اٹلس نے پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول موٹر سائیکل سی ڈی 70 کانیا ماڈل فروخت کے لیے پیش کردیا ہے اور اس کی قیمت 63500 روپے مقرر کی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے سے چینی ساختہ کمپنیاں اپنی قیمت فروخت میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں جبکہ ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت فروخت جو کہ 63500 روپے ہے میں گزشتہ4سال سے اضافہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ہونڈا موٹر سائیکل کے دو ماڈل سی ڈی 70 اور سی جی 125 کی طلب زیادہ ہے اور دونوں تاحال فروخت ہو رہی ہیں۔ ملک بھر میں سال 2017 کے دوران آٹو سیکٹر اپنے عروج پر پہنچا اور مارکیٹ رپورٹس کے مطابق کاروں کے ساتھ معیاری موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھرپور اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے ڈیٹا کے مطابق اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے جولائی سے نومبر 2017 کے دوران 4 لاکھ 54 ہزار 195 موٹر سائیکلیں فروخت کیں جو گزشتہ سال ان ہی مہینوں کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار 558 تھی. 2016 -17 میں کمپنی نے 9 لاکھ 60 ہزار 105 یونٹس فروخت کرنے کا ریکارڈ بنایا جو گزشتہ سال 2015-16 کے درمیان 8 لاکھ 11 ہزار 34 تھا۔