ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 41 کروڑ ڈالر کی کمی

Last Updated On 24 May,2018 05:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تین سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔ بیرونی ادائیگیوں میں اضافے اور بیرونی سرمایا کاری میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی کا رجحان جاری ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 41 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمی سے 16 ارب 65 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے ذخائر 47 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کمی کے بعد 10 ارب 32 کروڑ ڈالر جبکہ بینکوں کے ذخائر 6 ارب 33 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق برآمدات اور ترسیلات زر میں خاطرخواہ اضافہ نہ ہونے اور بیرونی سرمایا کاری توقعات سے کم ہونے کے باعث ادائیگیوں کا توازن بگڑرہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مستقل کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔