پہاڑوں پر برف پگھلنے سے ڈیموں میں پانی کی سطح بڑھنے لگی، ارسا

Last Updated On 09 July,2018 05:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شمالی علاقہ جات میں برف پگھلنے سے دریاوں میں پانی کی سطح اونچی ہونے لگی، ارسا کے مطابق آئندہ ہفتے تک صورتحال بہتر ہونا شروع ہو جائے گی۔

شمالی علاقہ جات میں گرمی بڑھنے سے پہاڑوں پر جمع برف پگھلنے لگی، جس سے مختلف ڈیموں میں پانی کا لیول بڑھنے کی اُمید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ارسا کے مطابق اس وقت صورتحال یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی بار جولائی کے مہینے میں تربیلا میں پانی کا لیول کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ 21 جون سے اب تک تربیلا میں پانی کا لیول 63 فٹ تک گر گیا ہے جس کی وجہ سے پانی کی سطح 1386 فٹ کی کم ترین سطح پر ہے۔

ارسا نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر سندھ اور پنجاب میں پانی کی سپلائی میں 15 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت اسی طرح بڑھتا رہا تو برف پگھلتی رہے گی اور پانی کا لیول بڑھنا شروع ہوجائے گا۔ زرعی ماہرین کے مطابق پانی کی فراہمی میں اضافے سے فصلوں کی پیداوار بہتر ہوگی۔