آئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ

Last Updated On 15 August,2018 06:53 pm

اسلام آباد:‌ (روزنامہ دنیا) آئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات میں اضافہ، امریکا کو کی گئی برآمدات کا حجم 51 کروڑ 75 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی عرب کو برآمدات سے 7 کروڑ 31 لاکھ 90 ہزار کا زر مبادلہ حاصل ہوا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران ملک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک خدمات کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمارکے مطابق جون سے مئی 2018ء کے اختتام تک پاکستان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک خدمات کی برآمدات سے 96 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا، جو مالی سال 2016-17ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2016-17ء کے اسی عرصے میں پاکستان نے آئی ٹی خدمات کی برآمدات سے 85 کروڑ 26 لاکھ 40 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ مئی 2018ء میں آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سب سے زیادہ آئی ٹی خدمات کی برآمدات امریکا کو کی گئیں جن کا حجم 51 کروڑ 75 لاکھ 50 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ متحدہ عرب امارات کو آئی ٹی خدمات کی برآمدات سے پاکستان نے 8 کروڑ 32 لاکھ 30 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔ اسی طرح سعودی عرب کو آئی ٹی خدمات کی برآمدات سے پاکستان نے 7 کروڑ 31 لاکھ 90 ہزار کا زرمبادلہ کمایا۔