سندھ اور بلوچستان میں 8 لاکھ ٹن پیاز کی پیداوار متوقع

Last Updated On 24 September,2018 06:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ آبادگار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت پیاز کی برآمدات کے لیے فوری اقدامات کرے جس سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوگا بلکہ ملک کو بھی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوسکے گا۔

سندھ آبادگار ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سیزن سندھ اور بلوچستان میں پیاز کی بمپر کراپ متوقع ہے جس سے نہ صرف مقامی سطح پر اس کی رسد بہتر ہوگی بلکہ اس کی برآمدات سے حکومت کو کروڑوں ڈالر حاصل ہوسکتے ہیں۔ سندھ آبادگار کا مزید کہنا تھا کہ ساؤتھ ایسٹ ایشیا اور مڈل ایسٹ ممالک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھارت سے پیاز درآمد کرتے ہیں۔ حکومت فوری طور پر اقدامات کرے تو بھارت کی یہ مارکیٹ پاکستان کو مل سکتی ہے۔ جس سے نہ صرف ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا بلکہ کسانوں کو ریلیف دینے کے حکومتی وعدوں کی تکمیل بھی ممکن ہوسکے گی۔