کوئٹہ میں مرغی کی قیمت 260 روپے کلو ہوگئی

Last Updated On 12 October,2018 03:42 pm

کوئٹہ (دنیا نیوز ) کوئٹہ میں مرغی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران شہر میں مرغی کی قیمت میں 120 روپے اضافے کے بعد قیمت 260 روپےتک پہنچ گئی ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمیتوں میں اضافے کے بعد مرغی کی قیمت بھی آسمانوں سے باتیں کرنے لگی۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت چند روز قبل 140 روپے فی کلو تھی لیکن مرغی کی قیمت کو ایسے پر لگے کہ ایک ہفتے میں ہی قیمت بڑھ کر 260 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ مرغی کی قیمت میں حالیہ اضافہ اس کے کاروبار پر بھی اثر انداز ہوا ہے۔

مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کے باعث اس سے بنے پکوان بھی مہنگے ہونے لگے جس سے شہری نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پہلے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا اور بعد میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بھی بڑھا دیں جس سے بچارے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا۔