پاکستان بزنس کونسل نے سرمایا کاری اور روزگار کی تجاویز دینے کی تیاری کر لی

Last Updated On 06 December,2018 04:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام اکنامک فورم کا انعقاد 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا، اربوں ڈالر سرمایا کاری اور لاکھوں نوکریوں کے لئے خصوصی تجاویز وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائیں گی۔

پاکستان بزنس کونسل نے اربوں ڈالر سرمایا کاری اور لاکھوں افراد کو روزگار دینے کی تجاویز وزیراعظم کو دینے کے لئے تیار کر لی ہے، تمام تر تجاویز پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام اکنامک فورم میں دی جائے گی۔

اکنامک فورم کا انعقاد 13 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔ صدر پاکستان بزنس کونسل احسن ملک نے دنیا نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کو چار شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ ان چار شعبوں میں ریفائنری، سٹیل، آٹو پارٹس اور آئی ٹی کے شعبے شامل ہیں۔

احسن ملک کا کہنا تھا کہ ریفائنریز میں ہی 12 ارب ڈالر کی سرمایا کاری ہو سکتی ہے۔ پاکستان میں ریفائنری لگنے سے پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں 3 سے 4 ارب ڈالر کی کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چار شعبوں میں سرمایا کاری سے لاکھوں افراد کو روزگا بھی ملے گا۔ اکنامک فارم میں کاروباری لاگت میں کمی، کاروبار دوست ماحول میں مزید بہتری، برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایا کاری میں اضافہ کے لئے بھی سفارشات پیش کی جائیں گی۔
 

Advertisement