700 میگا واٹ کے پاور پراجیکٹ کیلئے کے الیکٹرک، چینی کمپنی میں معاہدہ

Last Updated On 30 April,2019 03:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بیجنگ میں پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے دوران کے الیکٹرک اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن میں پورٹ قاسم پر 700میگا واٹ پاور پراجیکٹ کی ڈویلپمنٹ کا معاہدہ طے پا گیا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق معاہدہ کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی اور سی ایم ای سی کے چیئرمین ژنگ چن کے درمیان وزیر اعظم کے مشیر رزاق داود کی موجودگی ہوا۔ پراجیکٹ چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون میں سنگ میل ہے۔

معاہدے کی تقریب کے بعد چیئر مین سی ایم ای سی ژنگ چن کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ کی بدولت کراچی کی بڑھتی بجلی کی طلب پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ کراچی کے پاور انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کے الیکٹرک کی مسلسل سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔ کے الیکٹرک نے 9 سال کے دوران کراچی کے بجلی کے نظام میں 2.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
معاہدے کے بعد ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے کچھ سالوں میں 3 ارب امریکی ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کا بھی پلان بنا لیا ہے۔ پورٹ قاسم پر آئی پی پی بیسڈ پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا آغاز اگلے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موزوں کاروباری ماحول اور پالیسی ساز اداروں کی معاونت کے ساتھ پراجیکٹ کی جلد از جلد کمیشننگ کو یقینی بنایا جائے گا۔