پاکستان کو آئی ایم ایف سے 99 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول‌

Last Updated On 11 July,2019 04:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف سے پاکستان کو 99 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی، یہ رقم پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کے لئے سہارا بنے گی۔

آئی ایم ایف نے 3 جولائی کو اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان کی بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 6 ارب ڈالر 3 سال کی مدت میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ آئی ایم ایف ہرسال پاکستان کو 2 ارب ڈالرز دیگا جس سے پاکستان کو بجٹ خسارے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بھی بہتری آئیگی جس سے ڈالر کی قدر میں استحکام کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کے بعد ایشیائی ترقیاتی اور عالمی بینک سے بھی پاکستان کو 3 سے 4ارب ڈالر قرض ملنے کی امید ہے۔ عالمی سطح پر معاشی استحکام ثابت کرنےکے لیے بھی پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت تھی۔ آئی ایم ایف سے یہ رقم ملنے کے بعد پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ ذخائر 15 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں جس میں سے مرکزی بینک کے ذخائر8 ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔