سبزیوں کی قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، ٹماٹر 20 روپے کلو سستا، آلو بھی ارزاں

Last Updated On 02 December,2019 03:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سبزی منڈی میں ریلیف کی ٹھنڈی ہوا چلنے لگی، مہنگی ہوتی سبزیوں کی قیمتوں کو ریورس گیئر لگ گیا، ٹماٹر 20 روپے فی کلو سستا اور آلو کی قیمت میں بھی کمی ہوئی لیکن پیاز اپنی جگہ پر ڈٹا ہوا ہے۔

سبزی منڈی میں تھوڑی تبدیلی آنے لگی، چند ہفتوں سے انتظامیہ کے لئے امتحان بنی ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا، ایک روز میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 20 روپے کمی سے 145 روپے فی کلو ہو گئی، ٹماٹر تین روز میں مجموعی طور پر 30 روپے سستا ہوا۔

چھوٹی مارکیٹوں میں ٹماٹر 180 اور عام دکانوں پر 200روپے کلو تک بکنے لگا، آلو کی قیمت بھی 3 روپے کم ہوئی جو 45 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔
مارکیٹ میں 60 روپے کلو تک فروخت ہونیوالا پیاز بدستور 75 روپے کلو پر برقرار، دکانوں پر 100روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔ ادرک 350 اور لہسن 300 روپے کلو میں بیچا جا رہا ہے، سبز مرچ 200 اور شملہ مرچ 250 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

عوام کہتے ہیں کہ سبزی سستی تو ہونے لگی ہے لیکن اتنی بھی نہیں کہ سکھ کا سانس آئے، تقریباً ایک ماہ عوام اور انتظامیہ کو تگنی کا ناچ نچا کر ٹماٹر کمال مہربانی کر کے سستا ہونے لگا ہے لیکن قیمت معمول پر آنے میں ابھی مزید وقت درکار ہے۔