پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں پہلی پوزیشن

Last Updated On 03 December,2019 01:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی معیشت اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک اور مثبت خبر، عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کو دنیا کی بہترین پرفارمنگ سٹاک مارکیٹ قرار دے دیا۔

گزشتہ روز عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو مثبت کرنے کی خبروں کے بعد آج عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کے 100انڈیکس کو گزشتہ 3 ماہ میں کی کارکردگی کی بنیاد پر بہترین انڈیکس کا خطاب دے دیا ہے۔

بلوم برگ کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں کے ایس ای 100انڈیکس میں 36 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری پر منافع کی شرح پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سب سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے پاکستان سٹاک مارکیٹ عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کے لیے جگہ بنی ہوئی ہے۔