سبزیوں‌ کی قیمتوں میں کمی، ٹماٹر، پیاز اور آلوعوام کی پہنچ میں آنے لگا

Last Updated On 15 December,2019 10:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سبزی مارکیٹ میں قیمتوں میں آئی تیزی تھمنے لگی، ٹماٹر، پیاز اور آلوعوام کی پہنچ میں آنے لگا مگر غیر موسمی سبزیاں، بھنڈی اور کریلے پر مہنگائی کا رنگ نمایاں ہے۔

لاہور کی سبزی مارکیٹ سے اچھی خبر آنے لگی، سندھ کی تیار ہونے والی فصل سے ٹماٹر 40 روز کی پرانی قیمت پر آگیا۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں ٹماٹر کی قیمت 120 روپے کلو مقرر، مارکیٹ میں 140 سے 150 روپے کلو تک دستیاب ہے۔

پیاز نرخ نامے میں 64 روپے اور عام مارکیٹ میں 70 روپے کلو تک مل رہا ہے، آلو کی قیمت 40 روپے کلو مقرر مگر کہیں 50 اور کہیں 60 روپے کلو بیچا جا رہا ہے۔ مولی 20 اور گاجر 50 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

سرکاری ریٹ لسٹ میں لہسن کی قیمت 236 روپے اور دکانوں پر 260 روپے کلو میں فروخت جبکہ ادرک 300 روپے کلو میں بکنے لگا۔ عوام کہتے ہیں قیمتوں میں کمی تو ہو رہی لیکن ابھی مزید کمی سے ہی قیمتیں معمول پر آئیں گی۔

آؤٹ آف سیزن سبزی بھنڈی ریٹ لسٹ میں 101 روپے جبکہ مارکیٹ میں 160 روپے کلو میں بک رہی ہے، کریلے نرخ نامے میں 78 روپے اور دکانوں پر 100روپے کلو میں بیچے جا رہے ہیں۔