فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Last Updated On 04 January,2020 08:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 800 روپے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 1150 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اضافے کے بعد صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 800 روپے ہو گئی۔ گزشتہ دو ہفتوں میں فی تولہ سونا 5 ہزار روپے تولہ مہنگا ہوا۔ 

صرافہ جیولرز ایسو سی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1150 روپے اضافے سے 90 ہزار 800 روپے کی رکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ ایک سال کے دوران سونے کی قیمت میں 23 ہزار روپے اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ اس طرح سونے میں سرمایاکاری کرنے والوں کو سالانہ 33 فیصد کا منافع ملا۔

گولڈ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ایران امریکہ تعلقات میں کشیدگی بڑھ جانے کے خدشات کے باعث انویسٹرز سونے جانب راغب ہورہے ہیں اور عالمی منڈی میں فی اونس گولڈ کی قیمت 1552 ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔

بین الاقوامی منڈی میں چڑھتے دام دیکھ کر مقامی مارکیٹ میں انویسٹرز کی دلچسپی سونے میں بڑھ رہی ہے دوسری طرف شادی سیزن میں زیورات کی قیمتوں میں اضافہ لڑکے والوں کے لیے بری اور منہ دکھائی کا بجٹ آوٹ کررہا ہے ۔ 

Advertisement