سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 42 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

Last Updated On 09 January,2020 01:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 17، اوپن مارکیٹ‌ میں‌ 40 پیسے بڑھ گئی، دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں 1032 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

 امریکی ڈالر کی قیمت پھر بڑھ گئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 17 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد 154 روپے 90 پیسے پر ٹریڈ ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوا اور 156 روپے 20 پیسے کے ریٹ پر فروخت ہوا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، مارکیٹ میں تجارت شروع پر 636 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 41 ہزار 994 پوائنس کی سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں پاکستان سٹاک مارکیٹ نے  42 ہزار پوائنٹس کی حد کراس کر لی، 1032 پوائنٹس اضافے سے 100 انڈیکس 42 ہزار 389 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکہ ایران کشیدگی میں کمی سٹاک مارکیٹ میں حالیہ بہتری کا سبب ہو سکتی ہے، گذشتہ روز ایران کی طرف سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کی خبروں نے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں کو اپنے اثر میں لے لیا، ایشیائی سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی چھائی رہی، جاپانی سٹاک مارکیٹ 2 فیصد گر گئی، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.8 فیصد، شنگھائی سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس بھی 0.6 فیصد گرا۔