لاہور میں آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کا غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان

Last Updated On 22 January,2020 11:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے آٹا چکی مالکان کیخلاف مقدمات درج کر لئے جس پر چکی اونرز ایسوسی ایشن نے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کیا۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے ان کے ارکان کو ہراساں کیا گیا، ضلعی انتظامیہ تعاون کے بجائےکریک ڈاؤ ن کر رہی ہے جس کے خلاف یہ اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔ لاہور شہر میں چکیاں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آٹے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کوئٹہ میں نان بائی نئے مطالبات کے ساتھ میدان میں آگئے۔ انہوں نے 24 جنوری سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے آٹے کی قیمت میں اضافہ کے بعد روٹی کا نیا ریٹ دیا جائے، انتظامیہ کے مقررہ ریٹ اور وزن پر روٹی فروخت کرنے میں نقصان ہے، اگر جمعرات تک روٹی کا نیا ریٹ نہیں دیا گیا تو جمعے سے ہڑتال کریں گے۔

پشاور میں ضلعی انتظامیہ اور نانبائیوں کے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ روٹی کا وزن کم کرنے پر ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق نانبائی 115 گرام کی روٹی 10 روپے میں فروخت کریں گے، 130 گرام کی روٹی 10 روپے پر فروخت ہوتی تھی، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تندور کھول دیئے گئے ہیں۔