سٹاک مارکیٹ: کاروباری آخری روز تیزی کی واپسی، 126.08پوائنٹس بڑھ گئے

Last Updated On 24 January,2020 05:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی کی واپسی ہو گئی۔ چار روز مندی کے بعد 100 انڈیکس 126.08 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران تیزی آ گئی، تیزی کے باعث 126.08پوائنٹس بڑھے جس کے باعث مارکیٹ میں مزید ایک حد بحال ہو گئی۔ بحال ہونے والی حد میں 42600 کی حد شامل ہے۔ 

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے چار روز کے دوران مندی دیکھی گئی، پہلے روز کے دوران 420.13 پوائنٹس، دوسرے روز کے دوران 121، تیسرے روز کے دوران 65.20 پوائنٹس جبکہ چوتھے روز 100 انڈیکس 54.32 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42506.95 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

آج کاروبار کا آغاز نہایت ہی محتاط انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران صرف 15 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، انویسٹرز دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن رہے، تاہم اگلے دو گھنٹوں کے دوران مندی نے ڈیرے ڈالے اور دوپہر 12 بجے کے قریب انڈیکس 42416.35 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

نماز جمعہ کے وقفے کے باعث یہ تسلسل دوپہر 2 بجے تک برقرار رہا، مندی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 42250.56 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔ تاہم انویسٹرز نے دل کھول کر ٹریڈنگ میں حصہ لیا، کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 126.08 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42633 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.3 فیصد بہتر دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 35 لاکھ 26 ہزار 170 شیئرز کا لین دین ہوا۔ان شیئرز کی مالیت 5 ارب 7 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔