آنے والے مہینوں میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی ہوگی، گورنر سٹیٹ بینک

Last Updated On 20 February,2020 05:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی آئیگی۔ مہنگائی کم ہوگی تو شرح سود میں بھی کمی ہوگی۔

کراچی میں بزنس کانفرس سے خطاب میں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے برآمدات بڑھائے بغیر اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ برآمد کنندگان اور چھوٹے کاروبار کے لیے رعایتی شرح سود پر قرضے دیئے جاتے ہیں۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ لوگ شرح سود اور کرنسی کی قدر پر تبصرے دیتے ہیں لیکن مانیٹری پالیسی سٹیٹمنٹ نہیں پڑھتے۔ آنے والے مہینوں میں توقع کر رہا ہوں کہ مہنگائی اور شرح سود میں کمی ہوگی اور ہر شعبے میں آپ کو بہتری نظر آئیگی۔

کانفرنس سے سابق جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل ریٹائرڈ زبیر حیات نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم خصوصاً نوجوانوں میں بہت صلاحیت ہے۔ ہمارے نوجوان پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ہمیں اپنا تعلیمی نساب تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

جنرل ریٹائرڈ زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا کہنا ہے کہ یہ قوم پندرہ سالوں میں دہشت گردی سے نمٹ کر سیاحتی مقام میں منتقل ہو گئی ہے۔ یہ باتیں ہمارے لیے بہت حوصلا افزا ہیں۔
 

Advertisement