افغانستان کی سرحد پر پہلی بارڈر مارکیٹ کیلئے مقام کا تعین کر لیا گیا

Last Updated On 04 April,2020 04:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے افغانستان کی سرحد پر پہلی بارڈر مارکیٹ کیلئے مقام کا تعین کرلیا، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کرم کے علاقے خرلاچی میں بارڈر مارکیٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے افغانستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط ہوں گے۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق حکومت نے افغانستان اور ایران کی سرحدوں پر بارڈر مارکیٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کرم ایجنسی کے علاقے خرلاچی میں افغانستان کی سرحد پر بارڈر مارکیٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے افغانستان کے ساتھ جلد ایم او یو کیا جائے گا-

زرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بارڈر مارکیٹس کے قیام کے لیے وزارت تجارت کو ٹاسک دیا ہے- دونوں ممالک کی سرحدوں کے آر پار مخصوص مقامات پر بارڈر مارکیٹس قائم کی جائیں گی-

حکومتی زرائع کے مطابق سرحدوں پر باڑ اور سمگلنگ کی وجہ سے تجارت متاثر ہورہی ہے-بارڈرز مارکیٹس سے مقامی آبادی کو تجارتی سہولیات میسر آسکیں گی-بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے سکیورٹی اداروں,کسٹمز اور نادرا کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔