کورونا سے صدی کی بدترین کساد بازاری کا خدشہ ہے، عالمی مالیاتی ادارہ

Last Updated On 10 April,2020 09:45 am

نیویارک: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کورونا سے اس صدی کی بدترین کساد بازاری کا خدشہ ہے، مختلف ممالک میں شرح نمو تیزی سے منفی ہو جائے گی۔ ادھر امریکی صدر نے روس اور سعودی عرب کے ساتھ کانفرس کال میں تیل کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی معیشت مشکل میں، آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا نے خبردار کیا ہے کہ 1930 کے بعد بدترین کساد بازاری ہونے کا خطرہ ہے، یورپ میں بدترین معاشی بدحالی ہو جائے گی۔ 

امریکا میں ایک کروڑ ستر لاکھ افراد بے روزگار جبکہ مختلف ممالک میں شرح نمو تیزی سے منفی ہو جائے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر اور سعودی ولی عہد سے کانفرنس کال پر تیل پیداوار میں کٹوتی اور قیمتوں پر تبادلہ خیال کیا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اورسعودی عرب ڈیل کے قریب پہنچ گئے، جلد اعلان کر دیں گے۔