سٹاک مارکیٹ میں 282.03پوائنٹس کی مندی، تین حدیں گر گئیں

Last Updated On 04 June,2020 04:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر 282.03 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، چند روز کے دوران سیاسی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر مجبور کیا ہوا ہے، سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے باعث انویسٹرز ٹریڈنگ کے دوران دلچسپی لینے سے گریزاں ہیں۔

رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں کاروبار کے پہلے دو گھنٹوں کے دوران 77 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی، اس کا تسلسل آگے چل کر بڑھتا گیا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں ایک موقع پر انڈیکس 34090.13 پوائنٹس کی نچلی ترین سطح پر دیکھا گیا تاہم تنزلی کی طرف جانے والا انڈیکس ایک موقع پر اوپر اُٹھا اور انڈیکس 34410.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 282.3 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 34119.39 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ مندی کے باعث حصص مارکیٹ کی تین حدیں گر گئیں، گرنے والی حدوں میں 34400، 34300، 34200 کی حدیں شامل ہیں۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.82 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ اس دوران 10 کروڑ 41 لاکھ 88 ہزار 508 شیئرز کا لین دین ہوا، اس لین دین میں سرمایہ کاروں کی طرف سے شیئرز کے فروخت کو ترجیح دی گئی۔