سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت11 لاکھ، 83 ہزار سے زائد ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم

Last Updated On 05 July,2020 06:06 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 11 لاکھ، 83 ہزار، 242 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے۔ سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین وآوٹ سورس کارکنان کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے جون 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل اداروں کو 4 فیصد کی شرح پر قرضہ کی سہولت دی گئی ہے۔ سکیم میں ان چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے۔ وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 26 جون تک اس سکیم کے تحت 2486 کاروباری اداروں اور کمپنیوں نے 13 لاکھ، 97 ہزار، 145 ملازمین کے روزگارکے تحفظ کیلئے ایک کھرب 39 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بینک نے ان میں سے 1817 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب، 19 ارب، 98 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 11 لاکھ، 83 ہزار سے زائد ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔