لاہور: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا ہے کہ بحالی کی علامات کے باوجود عالمی معیشت کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عالمی ادارے کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے جی 20 ممالک کے نام ایک پیغام میں کہا کہ عالمی معیشت اب بھی چیلنجز کی زد میں ہے جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا امکان بھی ہے۔ انھوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے امدادی پروگرام جاری رکھیں، انہوں نے مزید کہا کہ جی 20 ممالک کی جانب سے 11 کھرب ڈالر کے پیکج نے بدترین نتائج سے محفوظ رکھا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا کو جہاں جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے وہاں لاک ڈاون کے سبب عالمی معیشت بھی زوال کا شکار ہوئی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے دنیا کی معیشت 3 فیصد سکڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہےجو 1930 کے مالیاتی خسارے سے بھی زیادہ نقصان دہ ثابت ہو گا۔