رواں مالی سال روپے کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ، عالمی ریٹنگ ادارہ

Published On 21 August,2020 03:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رواں مالی روپیہ کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ ہے، ایس این پی کے مطابق قرضوں کا جی ڈی پی سے تناسب بھی 91 فیصد سے تجاوز کر جائے گا۔

عالمی ریٹنگ کے ادارے ایس این پی کے مطابق مالی سال 21-2020 میں معاشی ترقی کی شرح 1 اعشاریہ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ گذشتہ مالی سال معاشی ترقی کی شرح منفی اعشاریہ 4 فیصد رہی تھی، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جاری کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کے 1 اعشاریہ 6 فیصد، تجارتی خسارہ جی ڈی پی کے 7 اعشاریہ 2 فیصد اور مہنگائی کی شرح جو گذشتہ سال 8 اعشاریہ 6 فیصد تھی رواں مالی سال کم ہوکر 6 اعشاریہ 5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مالی سال 21-2020 میں مالی خسارہ جی ڈی پی کے 8 اعشاریہ 2 فیصد جبکہ سرمایہ کاری جی ڈی پی کے 15 اعشاریہ 7 فیصد رہے گی۔

ایس این پی کے مطابق رواں مالی سال روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، مالی سال 2021 کے اختتام تک ڈالر کی قیمت 171 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔