روپے کی قدر میں ریکوری جاری، ڈالر 32 پیسے سستا

Published On 26 October,2020 04:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرایک مرتبہ پھر 32 پیسے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران روپے کی قدر میں زبردست ریکوری دیکھنے کو مل رہی ہے، ایف اے ٹی ایف کی طرف سے ملک پر چھائے خدشات چھٹنے ، ملکی ترسیلات زر میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، عالمی ممالک کی طرف سے غریب ممالک کے لیے ریلیف ملنے کے بعد پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں رک جانے کے باعث ڈالر گراوٹ کا شکار نظر آ رہا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 32 پیسے سستا ہونے کے بعد 161 روپے 05 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران ملک بھر میں امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں 161 روپے 37 پیسے کی سطح پر پہنچ کربند ہوا تھا۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران روپے کے مقامبلے میں امریکی ڈالر 7 روپے 38 پیسے سستا ہو گیا ہے، اگست میں انٹر بینک میں ڈالر 168 روپے43 پیسے کی سطح پر تھا جو اب 161 روپے پیسے کا ہوگیا، ڈالر سستا ہونے سے غیر ملکی قرضوں میں 800 ارب روپے کمی آئی ہے۔