ماہ رمضان میں مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت

Published On 15 March,2024 12:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ماہ رمضان کے دوران مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے مارکیٹیں پیر سے جمعہ رات 12 بجے تک جبکہ ہفتہ اور اتوار کو رات ایک بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس سے پارکنگ سے متعلق پلان طلب بھی کر لیا، ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریسٹورنٹس کی پارکنگ کم ہوتی ہے جبکہ ڈائننگ ہال بہت بڑے بڑے ہوتے ہیں۔

عدالت نے جوڈیشل کمیشن کے سٹاف کے ساتھ ریسٹورنٹ کے مالک کی بدتمیزی کا بھی نوٹس لے لیا، عدالت نے فوری طور پر مذکورہ ہوٹل مالک کی نشاندہی کر کے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ یہ مائنڈ سیٹ بن چکا ہے، ہم تو بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں سب کو اس میں تعاون کرنا چاہیے۔

ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی کا کام شروع ہو چکا ہے، ٹولنٹن مارکیٹ میں صبح صبح مری مرغی کے ٹرک آتے ہیں، مری مرغی کا گوشت شوارمے میں استعمال ہوتا ہے، اس حوالے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو متحرک کر دیا ہے۔
 

Advertisement