آئی پی ایل فکسنگ اسکینڈل، بھارتی بورڈ کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی سفارش

Published On 21 Apr 2014 09:51 AM 

بھارتی بورڈ نے سپریم کورٹ سے آئی پی ایل فکسنگ اسکینڈل حل کرنے کے لیے ایک اور تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔

نیو دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے گزشتہ روز ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں تین رکنی تحقیقاتی ٹیم کی سفارش کی ۔ اس سلسلے میں سابق کرکٹر روی شاستری، کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جےاین پٹیل اور سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر آر کے راگھون کے نام تجویز کیے ہیں۔ سپریم کورٹ آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی سماعت کر رہی ہے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سری نواسن کو آئی پی ایل فکسنگ تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ ان کی جگہ سابق کرکٹر سنیل گواسکر آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔ آئی پی ایل کی ٹیم چنائی سپر کنگز کے مالک اور بی سی سی آئی کے سابق سربراہ سری نواسن کے داماد گروناتھ تمام حکام، کھلاڑیوں اور سٹے بازوں میں شامل ہیں جن کے خلاف آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے تحت دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے الزام پر تحقیقات جاری ہیں۔