زمبابوے کو شکست,افغانستان نے تاریخ کی پہلی ون ڈے سیریز ڈراکر لی

Published On 25 Jul 2014 12:40 AM 

افغانستان نے اپنی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بارٹیسٹ کا درجہ رکھنے والی زمبابوے کو تیسرے کے بعد چوتھا ایک روزہ میچ بھی ہرا کر چار میچوں کی سیریز دو دو میچ سے ڈرا کر لی ہے۔

بولا وائیو (ویب ڈیسک) چوتھا ون ڈے میچ افغانستان نے 100رنز کے وسیع فرق سے جیتا۔ زمبابوے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، اور مہمان ٹیم مقررہ پچاس اوورز کے آخری اوور میں 259 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ناصر جمال 39 گلبدین نائب 31 شنواری 40 محمد نبی 37 اور شفیق اللہ 56 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، جب کہ زمبابوے کی طرف سے ٹیری پانو نے 63رنز دے کر 5وکٹ لئے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم 260 رنز کے تعاقب میں 38 اوورز میں صرف 159 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ افغانستان کی طرف سے شرف الدین نے تین اور آفتاب عالم اور دولت زدران نے دو دو وکٹ لئے۔ زمبابوے کی ٹیم نے پہلے دونوں ایک روزہ میچ جیتے تھے ، جب کہ آخری دو میچز افغان ٹیم نے جیتے۔ ایک موقع پر زمبابوے کی ٹیم کے چھ کھلاڑی صرف 29 پر آوٹ ہو چکے تھے ، بعد میں ماروما اور موتومبامی نے بالترتیب 29 اور64 رنز بنا کر سکور کو بہتر کیا۔ افغانستان نے پہلی مرتبہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز ڈرا کی ہے ، جو اس کے لئے اعزاز کی بات ہے۔