عشق کے ہاتھوں مجبور، ویرات کوہلی میچ کے دوران انوشکا سے ملنے چلے گئے

Published On 18 May 2015 05:56 PM 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ویرات کوہلی قانون شکنی کرتے ہوئے میچ کے دوران ہی بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کے پاس پہنچ گئے۔

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ویرات کوہلی ایک مرتبہ پھر قانون شکنی کرتے دکھائی دیئے اور میچ کے دوران ہی بارش ہونے پر پچ چھوڑ کر بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کے پاس پہنچ گئے جس پر وارننگ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دہلی ڈیئر ڈیولز کیساتھ میچ کے دوران ویرات کوہلی اور کرس گیل کریز پر موجود تھے لیکن بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا اور دونوں بلے باز واپس چلے گئے لیکن اگلے ہی لمحے ویرات کوہلی وی آئی پی باکس کے ساتھ ہی گیلری میں دیکھے گئے جہاں ان کی گرل فرینڈ اور اداکارہ انوشکا شرما بیٹھی تھیں۔ تکنیکی طور پر آخری گیند تک میچ جاری رہتا ہے اور بارش کی وجہ سے میچ رک جانا بھی کھلاڑیوں کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ کھلاڑیوں کے لئے مختص جگہ چھوڑ کر لوگوں میں گھل مل جائیں۔ یہ پروٹوکول کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔ کوہلی کو انوشکا کے قریب دیکھ کر شائقین بھی لطف اندوز ہوئے اور ٹی وی سکرینیں بھی جوڑے پر جم گئیں۔