بحریہ ٹاون کراچی میں کرکٹ اسٹیڈیم کا ڈیزائن مکمل، کام جلد شروع ہو گا

Published On 23 Apr 2016 06:46 PM 

بحریہ ٹاؤن کراچی میں انٹرنیشنل معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے آرکیٹیکچر ڈیزائن مکمل کر لیا گیا۔ پچاس ہزار افراد کی گنجائش کے اسٹیڈیم کی تعمیر معروف جرمن فرم کرے گی۔

کراچی: (دنیا نیوز) رفیع کرکٹ اسٹیڈیم جرمنی کی معروف فرم جی ایم پی آرکیٹکٹس تعمیر کرے گی۔ اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ جدید ترین اور منفرد ڈیزائن کا اسٹیڈیم پاکستان کی انٹر نیشنل کرکٹ میں پہچان بنے گا۔ رفیع اسٹیڈیم تین لیول پر مشتمل ہو گا۔ اس میں پچاس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ آئی سی سی کے معیار کے مطابق ڈیزائن کردہ اسٹیڈیم میں کرکٹ اکیڈمی، جمنازیم، سوئمنگ پول اور ہوسٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

کرکٹ اکیڈمی، 2 فل سائز آؤٹ ڈور کرکٹ فیلڈز 12 ہزار اسکوائر میٹر کی انڈور سپورٹس اور دیگر تفریحی سہولیات سے آراستہ ہو گی جبکہ دس ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کےلئے بھی رقبہ مختص کیا جائے گا۔ بحریہ ٹاؤن کے سی ای او علی ریاض ملک کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا عزم کر رکھا ہے۔ رفیع اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ کرکٹ کیلئے فلڈ لائٹس نصب کی جائیں گی جس کیلئے فلپس کے ساتھ معاہدہ کر لیا گیا ہے۔ بحریہ سپورٹس سٹی میں کرکٹ اسٹیڈیم کے علاوہ فٹ بال گراؤنڈ، گالف کورس اور فائیو اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔