پشاور میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد

Last Updated On 28 August,2018 06:09 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کا آغاز 28 اگست سے پشاور میں ہوگا، ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ زلمی مدرسہ لیگ سے نیا ٹیلنٹ اور چھپے ہیرے تلاش کرکے پاکستان کرکٹ کو دیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کی زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ 28 اگست سے پشاور میں شروع ہو رہی ہے۔ مخلتف مسالک سے تعلق رکھنے والے 12 مدارس کے طلبہ اس منفرد لیگ میں شریک ہوں گے، جہاں پہلی بار مدراس کے طلبہ کو اپنی کرکٹ کی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

پاکستان کے سابق نامور آف اسپنر اور پشاور زلمی کے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ثقلین مشتاق نے زلمی مدرسہ لیگ کے انعقاد پر چیئرمین پشاور زلمی و زلمی فاؤنڈیشن جاوید آفریدی اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ زلمی مدرسہ لیگ کے حوالے سے اپنے خصوصی انٹرویو میں ثقلین مشتاق نے کہا کہ مدراس کے طلبہ کو مین اسٹریم میں لانا اور انہیں کرکٹ کے میدان میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا بہترین اقدام ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زلمی مدرسہ لیگ کے میچز میں وہ کرکٹ کا نیا اور چھپا ٹیلنٹ تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ لیگ کے دوران کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کو کوچنگ اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ثقلین مشتاق نے امید ظاہر کی کہ گلوبل زلمی، زلمی اسکول لیگ اور زلمی آزادی کپ کی طرح زلمی مدرسہ لیگ بھی پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کا کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔

زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد پشاور زلمی، زلمی فاؤنڈیشن اور ورلڈ کونسل آف ریلیجنز کی مشترکہ کاوشوں سے کیا جارہا ہے۔ لیگ کے تمام میچز 28 سے 31 اگست تک ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا پہلا میچ الحق سمیشرز اور المصادق فائٹرز کے درمیان ارباب نیاز اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد بھی افتتاحی میچ کے موقع پر موجود ہوں گے۔

یاد رہے کہ ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل 31 اگست کو کھیلیں جائیں گے۔ ریجنل لیول پر ہونیوالے پہلے مرحلے میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی۔