پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ لیگ کے دوسرے روزکا احوال

Last Updated On 31 August,2018 10:13 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان کی پہلی زلمی مدرسہ کرکٹ لیگ کے دوسرے روز بھی میچز جاری رہے۔ النجوم، الحق اسمیشرز، الواحدہ اور الفتح ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

پاکستان کی تاریخ کی پہلی اور منفرد زلمی مدرسہ لیگ کے میچز دوسرے روز بھی ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں جاری رہے اور مدراس کے طلبا نے پہلی بار ہونیوالی مدرسہ کرکٹ لیگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ لیگ کے دوسرے روز پہلے میچ میں النجوم نے جماعت اسلامی کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے 7 وکٹوں پر 80 رنز بنائے، سجاد 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں النجوم نے 3 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔ عمر 30 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے۔

دوسرے میچ میں الحق اسمیشرز نے الحلال چیلنجرز کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ عنایت کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث الحلال کی ٹیم کی پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 47 رنز بناسکی۔ عنایت نے صرف 10 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں الحق اسمیشرز نے ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

تیسرے میچ میں الواحدہ نے الخیر کو 146 کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔ الواحدہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں پر 183 رنز بنائے، فاروق 79 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں الخیر کی ٹیم 7 وکٹوں پر 37 رنز بناسکی۔

چوتھے میچ میں الفتح نے المتحیدون کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ المتحیدون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 56 رنز بنائے، جواب میں الفتح نے ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

یاد رہے کہ زلمی مدرسہ لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل 31 اگست کو ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے جائیں گے۔