ابوظہبی ٹیسٹ:‌ نیوزی لینڈ‌ نے پاکستان کو شکست دے دی

Last Updated On 20 November,2018 02:55 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) پاکستان کی ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں‌ شکست، 176 کا آسان ہدف حاصل کرنے میں‌ ناکام ہو گیا. پاکستان کی آخری 6 وکٹیں 24 رنز پر گریں، کیویز نے 171 پر ساری ٹیم آوٹ کر کے فتح اپنے نام کر لی. نیوزی لینڈ کو 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے.

 ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستان شکست سے دوچار ہو گیا۔ سیریز کے افتتاحی میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 37 رنز سے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا، 176 کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹاپ کے تین بیٹسمین جلد آؤٹ ہو گئے تاہم پاکستانی بلے بازوں نے صورتحال سنھبال لی، چوتھی وکٹ کے گر جانے سے اظہر علی نے ذمہ دارانہ انداز اپنایا اور رنز کو 130 تک لے گئے۔ تاہم میچ کے آخر میں 24 رنز پر 6 وکٹوں کا نقصان شاہینوں کو لے ڈوبا اور ساری ٹیم 171 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

نئے آنے والے بلے بازوں میں کوئی بھی خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا، بابراعظم 13، کپتان سرفراز احمد 3 جب کہ بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے جبکہ اظہر علی آخری لمحات تک وکٹ پر موجود رہے لیکن اس کے باوجود ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے اور آخر میں خود ہی 65 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

قبل ازیں ابوظہبی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری کی بدولت جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا جو شاہین حاصل نہ کر سکے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

 

Advertisement