نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز جیت لی

Last Updated On 07 December,2018 04:46 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کو 123 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔

شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تو قومی ٹیم کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا۔تام قومی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 156 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 55 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی، ٹیسٹ کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے محمد حفیظ اپنی آخری اننگز یادگار نہ بناسکے اور صرف 8 رنز پر ہی ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

پچھلے میچ کے سنچری میکر اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رکے اور 5 رنز بنانے کے بعد گرینڈ ہوم کا شکار بنے۔ مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کریئر بیسٹ اننگز کھیلنے والے حارث سہیل بھی امیدوں پر پورا نہ اترسکے اور صرف 9 رنزبنانے کے بعد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، حارث کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر پہلی اننگز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے اسد شفیق کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اوپننگ بلے باز امام الحق نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن 22 رنز پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔ کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 28 رنز بناکر ولیم سمر ویل کا شکار بنے۔ بلال آصف اور یاسر شاہ کو ٹم ساؤتھی نے پویلین بھیجا۔ بابراعظم نصف سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی رہے، وہ 51 رنز پر اعجاز پٹیل کا شکار بنے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے سومرویلے اور ٹم ساؤتھی نے 3،3 جب کہ گرینڈہوم اور اعجاز پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو پہلی ہی گیند پر حسن علی نے کیوی کپتان کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 139 رنز کی اننگز کھیلی۔
کریز پر پہلے سے موجود ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم نے چھٹی وکٹ پر 62 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 334 تک پہنچا تو گرینڈ ہوم 26 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز واٹلنگ تھے جنہیں یاسر شاہ نے بولڈ کیا، کیویز نے اننگز ڈکلئیر کی تو ہینری نکولس 126 اور ٹم ساؤتھی 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شاہین آفریدی 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 274 اور پاکستان نے 348 رنز بنائے تھے۔
 

Advertisement