جوہانسبرگ ٹیسٹ کا دوسرا روز، قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری

Last Updated On 12 January,2019 03:38 pm

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے، قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا لئے۔ مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم 41 جبکہ کپتان سرفراز احمد 8رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

 جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز امام الحق نے 10 اور نائٹ واچ مین محمد عباس نے صفر سے پہلی ادھوری اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے باز ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف 36 رنز کا اضافہ کر سکے، 53 کے سکور پر محمد عباس اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اسد شفیق تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ امام الحق بھی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 41 رنز ہی بنا سکے۔

اس سے قبل جوہانسبرگ ٹیسٹ کے پہلے روز قومی باؤلرز نے پروٹیز کو عمدہ آغاز کے بعد 262 پرآؤٹ کر دیا، فہیم اشرف نے 3 شکار کئے۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مارکرم نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تھیونس بریون ایک رن کی کمی سے نصف سنچری سکور نہ کرسکے۔ ہاشم آملہ اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے زبیر حمزہ نے 41، 41 رنز بنائے۔ کپتان ڈین ایلگر سمیت 6 بلے باز ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ پائے۔

محمد عباس، حسن علی، محمد عامر نے 2، 2 شکار کئے۔ جواب میں پاکستان اننگز کا تباہ کن آغاز ہوا، 17 رنز پر 2 وکٹیں گنوادیں۔ اوپنر شان مسعود 2 رنز پر ویرن فیلنڈر کا نشانہ بنے۔ اظہر علی کی تجربہ کاری ٹیم پر بھاری پڑگئی، بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول پائے۔

 

Advertisement