جوہانسبرگ ٹیسٹ : پہلی اننگزمیں پاکستانی ٹیم 185 رنز پرآؤٹ

Last Updated On 12 January,2019 05:11 pm

جوہانسبرگ: (دنیا نیوز) قومی ٹیم نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی دکھائی، پہلی اننگز میں پوری قومی ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 بیٹسمین ڈبل فگر میں نہ جا سکے، میزبان جنوبی افریقہ کو 77 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم نے 17 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی، نائٹ واچ مین محمد عباس گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں ترپن ہی کے ٹوٹل پر اسد شفیق بھی چلتے بنے، تجربہ کار بیٹسمین کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے بیٹسمین امام الحق تھے جنہوں تینتالیس رنز کا اضافہ کیا، 169 کے سکور پر تین کھلاڑیوں نے وکٹیں گنوائیں جبکہ ففٹی میکر کپتان سرفراز بھی پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے علاوہ بابر اعظم انچاس رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عامر بمشکل 10 رنز بنا سکے۔ شاداب خان پانچ رنز پر ربادا کا شکار بنے۔

یوں پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی، چھ بیٹسمین ڈبل فگر میں نہ جا سکے۔ میزبان پروٹیز کو 77ر نز کی برتری مل گئی ہے، اولیوئر نے 5، فلینڈر 3 جبکہ ربادا دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں

واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
 

Advertisement