'ٹیم کا مستقل کپتان کوئی نہیں، پی ایس ایل کے بعد اگلے قائد کا فیصلہ ہوگا'

Last Updated On 31 January,2019 10:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سرفراز کے بطور کپتان راگ الاپنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلان بدل دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم قیادت مستقل کسی کی ذمہ داری نہیں، اگلا کپتان کون ہوگا فیصلہ پاکستان سپر لیگ کے بعد ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی اور عارضی کپتان شعیب ملک کی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ہی میچ میں جیت نے نئی بحث شروع کر دی اور جلتی پر پی سی بی نے بھی تیل کا کام کیا ہے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق ٹیم کا کوئی مستقل کپتان نہیں، ہر سیریز کے لئے ٹیم کے اعلان کیساتھ کپتان کا اعلان کیا جاتا ہے۔

اس سے پہلے چیئرمین سی بی احسان مانی نے چند روز پہلے ورلڈ کپ تک کپتان کے سوال پر کہا تھا کہ کپتان تو سرفراز ہی ہے۔ پی ایس ایل کے بعد گرین شرٹس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنی ہے اور بورڈ کے مطابق تب ہی گرین شرٹس کے کپتان کا اعلان کیا جائے گا۔

 یاد رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سرفراز احمد پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر چار میچوں کی پابندی لگائی ہے۔ قومی کپتان ساوتھ افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران نسل پرستانہ جملے کستے ہوئے پائے گئے تھے۔

سرفراز نے مخالف کھلاڑی فیلوک وائیو کی کالی رنگت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا  ابے کالے ، تیری اماں آج کہاں بیٹھی ہے، کیا پڑھوا کے آیا ہے آج ۔ ان جملوں پر آئی سی سی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سرفراز کو سزا سنائی۔

سرفراز احمد نے فیلوک وائیو سے معافی مانگی تھی جس پر کیوی کھلاڑی نے انھیں معاف بھی کر دیا تھا تاہم آئی سی سی نے سزا برقرار رکھی۔ سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک پاکستانی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔