کرکٹر آصف علی کی کینسر میں مبتلا بیٹی انتقال کر گئی

Last Updated On 21 May,2019 12:37 pm

لیڈز: (دنیا نیوز) پاکستانی بلے باز آصف علی کی کینسر کے مرض میں مبتلا بیٹی انتقال کر گئی، بچی کا امریکی ہسپتال میں علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور خالق حقیق سے جا ملی۔

گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا جس میں کرکٹر اور ان کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ "اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ آصف علی کی بیٹی کی المناک وفات پر اظہار افسوس کرتی ہے، سوگواری کی اس کیفیت میں کرکٹر اور ان کے خاندان کیساتھ ہیں۔ آصف حوصلے اور عزم کی بہترین مثال ہیں جو ٹیم کیلئے قابل تقلید ہے"۔

گزشتہ روز آصف علی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں 22 رنز بنائے، پاکستان ون ڈے سیریز کا پانچواں میچ 54 رنز سے ہار گیا۔ تاہم سیریز کے دوران آصف نے تمام میچ کھیلے جس کے دوران 2 ففٹیز بھی کیں۔ اپنے 16 ون ڈے میچز میں آصف 31.09 کی ایوریج کے ساتھ 342 رنز بنا چکے ہیں۔

آصف علی کو ورلڈ کپ ٹیم کے ابتدائی سکواڈ میں تو شامل نہیں کیا گیا تاہم وہ 15 کھلاڑیوں میں ضرور شامل ہیں۔ قبل ازیں 24 اپریل کو انگلینڈ روانگی سے پہلے آصف نے اپنی بیٹی کے علاج سے متعلق مطلع کرتے ہوئے پرستاروں سے دعا کی درخواست کی تھی۔