ورلڈکپ میں گرین شرٹس کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں: پی سی بی

Last Updated On 20 June,2019 12:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ بورڈ کا اجلاس چیئر مین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس چار گھنٹے جاری رہا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

گورننگ بورڈ ارکان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے دوران گرین شرٹس کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں ہے، اُمید ہے ٹیم آئندہ میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔ میگا ایونٹ کے اگلے میچوں کیلئے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اجلاس کے دوران ایم ڈی وسیم خان نے اپنے دورہ انگلینڈ کی رپورٹ پیش کی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کیساتھ پلیئرز اور آ فیشل ایکسچینج پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایم ڈی کی تقرری اور چیئر مین کے اختیارات کی منتقلی کی منظوری اور توثیق کی گئی جبکہ اجلاس کے دوران بورڈ کے مالی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور گزشتہ سال کے آڈٹ کے لیے آڈیٹر کی بھی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر گورننگ بورڈ اراکین نے ایشیا کپ کی میزبانی ملنے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو مبارکباد دی اور بلوچستان میں بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کو کمرشلائز کرنیکی منظوری دیدی، بگٹی سٹیڈیم کو کمرشلائز کرنے کے معاملے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔