آرتھر انگلش کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہونے کے خواب دیکھنے لگے

Last Updated On 03 August,2019 04:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اگلی نوکری پکی کرنے کے لیے دوڑ تیز کر دی۔

دنیا نیوز کے مطابق مکی آرتھر پاکستانی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے کے خواہشمند ہیں ادھر انگلش بورڈ میں نوکری حاصل کرنے والوں کی دوڑ میں بھی شامل ہو گئے جس کی ای سی بی نے تصدیق بھی کر دی۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی کرکٹ ٹیم میں اپنا معاہدے میں توسیع کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک ان کی مزید خدمات لی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب مکی آرتھر انگلش کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہونے کے بھی خواب دیکھ رہے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ کوچ ٹریوس کا معاہدہ انگلش سرزمین پر ایشز سیریز کے بعد ختم ہو جائے گا اور مکی آرتھر بھی اوٹس گبسن اور گیری کرسٹن کے ساتھ کوچنگ ذمہ داری حاصل کرنے والوں کی فہرست میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ مکی آرتھر ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا کی قومی ٹیم کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔