ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو دھچکا، سمتھ تیسرے ٹیسٹ سے باہر

Last Updated On 20 August,2019 07:17 pm

لندن: (ویب ڈیسک) ایشز سیریز کھیلنے میں مصروف آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا لگ گیا، ٹیم کے اہم ستون سٹیو سمتھ تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ سٹیو سمتھ ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔بیٹسمین کی جگہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں مارنس لبوشین ہی فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمتھ کو انجری سے بحالی کے لیے دو ہفتے کا وقت درکار ہے اور آسٹریلیا کو امید ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

 

ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے کھلاڑی نے ایجبسٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں دو سنچریاں سکور کیں جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز کے دوران جوفرا آرچر کے باﺅنسر کا شکار ہو گئے جو سیدھا ان کی گردن پر لگا۔

سٹیو سمتھ کو ابتدائی معائنے کے بعد دوبارہ میدان میں آنے کی اجازت تو مل گئی لیکن اگلے روز ان کی حالت مزید خراب ہو گئی۔ جس کی وجہ سے انہیں تیسرے آرام سے باہر کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سمتھ نے ایشز سیریز میں اب تک 142,144 اور 92 رنز کی اننگز کھیلی ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔
 

Advertisement