سکیورٹی کا مسئلہ نہیں، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں: مائیکل ہولڈنگ

Last Updated On 03 October,2019 03:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ماضی کے عظیم ویسٹ انڈین باؤلر مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، یہ عشائیہ آئی جی سندھ کی طرف سے دیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے مہمانوں کا استقبال کیا، اس موقع پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ میں آپ کا بڑا مداح ہوں، آپ کی یہاں موجودگی ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ پولیس سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

اس موقع پر مائیکل ہولڈنگ نے آئی جی سندھ اور پولیس افسران کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ یہاں کا پیار دیکھ کر لگتا ہے کہ میں اپنے لوگوں ساتھ ہوں، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بے حد پیار کرتے ہیں، غیر ملکی کھلاڑیوں کو پیغام دیتا ہوں یہاں آکر ان کا جوش و خروش دیکھیں، پاکستان پرامن اور صوبہ سندھ امن کی دھرتی ہے۔

 

اس سے قبل سابق کرکٹر جو اب آئی سی سی کی طرف سے کمنٹری کرتے ہیں اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز میں پرائیویٹ طور پر میچز دیکھنے کے لیے آئے ہیں کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہو گی کہ دنیا کی دیگر ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ لوگ یہاں آ کر کرکٹ کھیلنے سے کتراتے ہیں، انہیں خوف ہے، کیونکہ انہیں باہر بہت ساری خوفناک پاکستان کے بارے میں کہانیاں سنائی جاتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ اور موجودہ حکومت کی طرف سے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

مائیکل ہولڈنگ کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات ثابت کرنے ہوں گے تاکہ دنیا جان سکے یہاں سب کچھ بہت بہتر ہے، اس طرح کے انتظامات سے دیگر ٹیمیں پاکستان آئینگی۔

سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے مسائل کہی بھی ہو سکتے ہیں میں ایک مثال دے سکتا ہوں، آسٹریلیا کی ٹیم اپنی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ گئی ہوئی تھی، وہاں بم دھماکے ہوئے اس کے باوجود کینگروز کی ٹیم نے اپنی وہاں پر سیریز کھیلی۔