اعصاب شکن میچ: پاکستانی ایمرجنگ ٹیم بھارتی غرور خاک میں ملا کر فائنل میں پہنچ گئی

Last Updated On 20 November,2019 05:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اعصاب شکن میچ کے بعد روایتی حریف بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔

قومی ایمرجنگ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا، قومی ٹیم کی طرف سے عمیر یوسف اور حیدر علی نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے شاندار آغاز فراہم کیا اور شروع سے ہی گراؤنڈز کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے۔

قومی ٹیم کو پہلا نقصان حیدر علی کی شکل میں اٹھانا پڑا، 22 اوورز میں 90 کے مجموعی سکور پر بیٹسمین 60 گیندوں پر 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 138 رنز پر دوسرے اوپنر عمیر یوسف بھی 66 رنز کی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے شیوم ماوی کی گیند پر ہمت ہار بیٹھے اور پویلین لوٹ گئے۔

کپتان روحیل نذیر نے اس دوران بیٹنگ کا ذمہ سنبھالا اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران سعود شکیل 13 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے، کپتان کی اننگز 35 سکور پر ختم ہوئی۔ عمران رفیق 28، خوشدل شاہ 13، عماد بٹ 8 رنز بناسکے۔

 

سیف بدر نے 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 267 رنز بنائے۔ ماوی، ڈوبے، شیوکین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جیت کیلئے 268 رنز کا ہدف کے جواب میں بھارت کی جانب سے اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا گیا تاہم 43 سکور پر اریان جوئل آﺅٹ ہوگئے۔ سہارا راتھ 47 رنز بنا کر سیف بدر کا نشانہ بن گئے۔

سنویر سنگھ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، 90 گیندوں پر 76 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے اینڈ پر کوئی بیٹسمین زیادہ دیر انکا ساتھ نہ دے سکا، ارمان جعفر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، راٹھوڈ 13 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سوتر 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کھیل کے آخری حصے میں بھارت کی وکٹیں لگاتار گرتی رہیں۔ آخری اوور میں روایتی حریف کو آٹھ رنز درکار تھے جبکہ تین وکٹیں باقی تھیں۔ تاہم پاکستانی گیند باز ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے اور ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

قومی ٹیم کی طرف سے محمد حسنین اور سیف بدر نے 2.2، عمر خان اور عماد بٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔