قومی کرکٹرز نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی سے جڑی یادیں شیئر کر دیں

Last Updated On 16 December,2019 04:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی سمیت دیگر کھلاڑیوں شان مسعود، اسد شفیق، بابر اعظم، فواد عالم اور محمد رضوان نے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم سے جڑی اپنی یادیں شیئر کر دیں۔

سٹار کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کو جیت سے یادگار بنائیں گے، پی سی بی نے انکے تاثرات والی ویڈیو جاری کر دی۔

شہر قائد میں ہونے والے شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے قومی کرکٹرز اظہر علی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہمارا ریکارڈ شاندار رہا۔

اوپنر شان مسعود کا کہنا تھا کہ کراچی کے سٹیڈیم میں یادگار میچ دیکھے جبکہ سینئر بیٹسمین اسد شفیق کا کہنا تھا کہ اسٹینڈ میں بیٹھ کر میچ دیکھ چکا، اتنا شور مچایا کہ گلا خراب ہونا آج بھی یاد ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پی ایس ایل میں بھی کراچی ٹیم کا حصہ ہوں، یہ شہر اپنا گھر لگتا ہے۔

10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ بنانے والے لیفٹ ہینڈ بیٹسمین فواد عالم کا کہنا تھا کہ امید ہے کراچی والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھرپور سپورٹ کریں گے۔

قومی ٹیم کی رنز مشین اور بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لنکن ٹائیگر کیخلاف ٹیسٹ میں جیت سے کراچی سٹیڈیم کو یادگار بنائیں گے۔